ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جی ایس ٹی کے نام پر غریبوں کو لوٹا جارہا ہے: وینوگوپال

جی ایس ٹی کے نام پر غریبوں کو لوٹا جارہا ہے: وینوگوپال

Wed, 18 Oct 2017 23:11:15    S.O. News Service

بنگلورو،18؍اکتوبر (ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) اے آئی سی سی جنرل سکریٹری اور کرناٹک امور کے انچارج کے سی وینو گوپال نے کہاکہ جی ایس ٹی کے نام پر مرکزی حکومت ملک کے غریب اور متوسط طبقات کو دن دھاڑے لوٹ رہی ہے۔ داونگیرے ضلع کانگریس کے زیر اہتمام منعقدہ بوتھ کمیٹی صدور کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وینو گوپال نے کہاکہ وزیر اعظم نے ملک کا اقتدار یہ وعدہ کرکے حاصل کیاتھاکہ سب کا ساتھ اور سب کا وکاس ہوگا، لیکن اقتدار حاصل کرنے کے بعد مودی نے اپنا ساتھ صرف امیروں تک محدود رکھا ہے اور وکاس کسی کا نہیں ہوا۔ مودی حکومت نے ملک میں سو دن کے اندر اچھے دن لانے کا خواب ملک کے عوام کو دکھایا ،تقریباً چار سال گزر جانے کے باوجود بھی ملک کے غریبوں کیلئے اچھے دن ندارد ہیں۔ صرف امبانی اور ادانی کے اچھے دن آئے ہیں، جب سے مودی حکومت اقتدار پر آئی ہے ملک میں مذہب اور ذات پات کے نام پر نفرت کو ہوا دی جارہی ہے، آنے والے اسمبلی انتخابات میں کرناٹک کے عوام اور لوک سبھا انتخابات میں ملک کے عوام مودی اور ان کی ٹولی کو ضرور سبق سکھائیں گے۔ ریاست میں وزیر اعلیٰ سدرامیا حکومت کو ملک کی بہترین حکومت قرار دیتے ہوئے وینو گوپال نے کہاکہ انتخابی منشور میں عوام سے کئے گئے وعدوں کواس حکومت نے پوری دیانتداری سے پورا کیا ہے۔ حکومت نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان میں سے75 فیصد سے زائد پورے کئے جاچکے ہیں۔آنے والے دنوں میں مزید وعدوں کو بھی پورا کیاجائے گا۔ پارٹی کارکنوں کو پارٹی کومنظم کرنے کی آواز دیتے ہوئے وینوگوپال نے کہاکہ پارٹی کیلئے جدوجہد کرنے والے عہدیداروں سے پارٹی کے نائب صدر اور عنقریب پارٹی کی صدارت سنبھالنے والے راہول گاندھی راست طور پر فون پر بات کریں گے اور انہیں پارٹی کیلئے جدوجہد کرنے کے سلسلے میں ہدایت دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے اسمبلی انتخابات میں داونگیرے کی آٹھ میں سے سات سیٹوں پر کانگریس نے کامیابی حاصل کی ، اس بار تمام آٹھ سیٹوں پر کامیابی حاصل کرنے کی جدوجہد کریں۔ ریاستی بی جے پی کی طرف سے وزیر اعلیٰ سدرامیا کو راون قرار دئے جانے پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں اصل راون مودی ہیں سدرامیا نہیں ۔ جب سے مودی نے اقتدار سنبھالا ہے ملک تباہی کے دھانے پر جاچکا ہے۔ بعض کانگریس اراکین اسمبلی اوروزراء کی بی جے پی میں شمولیت کے متعلق بی جے پی کے دعوؤں کو کھوکھلا قرار دیتے ہوئے وینو گوپال نے ریاستی بی جے پی صدر یڈیورپا سے مخاطب ہوکر کہاکہ پہلے وہ اپنی موجودہ ٹیم کو متحد رکھنے کی فکر کریں ، دوسری پارٹیوں سے لوگوں کو لانے کے بارے میں فکر کرنا چھوڑ دیں۔ اس موقع پر سابق وزیر شامنور شیوشنکرپا اور داونگیرے ضلع یونٹ کے پارٹی عہدیدارن ، ریاستی وزیر باغبانی ایس ایس ملیکارجن اور دیگر موجود تھے۔


Share: